جمعہ 11 جولائی 2025 - 15:59
خدا کی طرف محتاجی کا احساس، انسان کو اُس سے قریب کرتا ہے۔

حوزہ / حرم مطہر حضرت معصومہؑ کے مقرر نے کہا:جب انسان دل سے خدا کی ضرورت محسوس کرتا ہے تو وہ خدا کے قریب ہو جاتا ہے۔ انہوں نے امام جعفر صادق علیہ السلام کا یہ قول نقل کیا کہ: "تم پر لازم ہے کہ زندگی بھر ہر حال میں خدا سے مانگتے رہو، کیونکہ دعا جیسا کوئی ذریعہ نہیں جو انسان کو خدا سے قریب کر سکے۔ لہٰذا اپنی چھوٹی چھوٹی حاجتوں کو معمولی سمجھ کر خدا سے نہ مانگنے سے گریز کرو، کیونکہ جو خدا بڑی حاجتیں عطا کرتا ہے، وہی چھوٹی بھی دے سکتا ہے۔"

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت‌الاسلام والمسلمین سید حمید میرباقری نے حرم مطہر حضرت معصومہؑ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دعا کی حقیقت اور اس کا مقام سمجھنے کے لیے امام جعفر صادقؑ کا یہ فرمان نہایت اہم ہے کہ: "خداوند متعال نے انسان کے لیے ایک خاص مقام مقرر کیا ہے جو صرف دعا کے ذریعے حاصل ہو سکتا ہے، اور اگر انسان دعا نہ کرے اور کچھ نہ مانگے تو اُسے کچھ عطا نہیں کیا جاتا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ خود دعا کرنا اور خدا سے مانگنا، اپنی ذات میں اہمیت رکھتا ہے۔ یہ درست ہے کہ خدا انسان کی بھلائی چاہتا ہے، مگر اُس نے خود فرمایا ہے کہ:"جب تک مجھ سے مانگو گے نہیں، میں نہیں دوں گا۔"

خطیب نے ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رسول اکرمؐ فرماتے ہیں: "قیامت کے دن دو افراد کو جنت میں داخل کیا جائے گا، جن کا عمل یکساں ہوگا، لیکن ان میں سے ایک کا درجہ دوسرے سے بلند ہو گا۔ پست درجے والا خدا سے سوال کرے گا کہ ہم دونوں نے ایک جیسا عمل کیا تھا، پھر اسے بلند درجہ کیوں دیا گیا؟ جواب ملے گا: اُس نے مجھ سے مانگا، میں نے اُسے عطا کیا؛ اور تُو نے مجھ سے مانگا ہی نہیں۔"

حجت‌الاسلام میرباقری نے کہا کہ دعا انسان کی زندگی میں حیرت انگیز اثرات رکھتی ہے۔ ایک حدیث میں آیا ہے کہ: "دعا مومن کا ہتھیار ہے، جس کے ذریعے وہ دشمن پر غالب آتا ہے اور دشمن کے حملے سے اپنا دفاع کرتا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ دوسری روایت کے مطابق:"دعا مومن کے لیے ایک ڈھال ہے۔"

امام محمد باقرؑ کے ایک صحابی نے ان سے سوال کیا کہ سب سے افضل عبادت کون سی ہے؟ امامؑ نے فرمایا: "اللہ کے نزدیک سب سے افضل عبادت یہ ہے کہ جو کچھ اس کے پاس ہے، وہی اُس سے طلب کیا جائے۔"

حجت‌الاسلام میرباقری نے کہا: "خدا کے سامنے اپنی حاجت کا اظہار، انسان کو اُس کے قریب کر دیتا ہے۔"

انہوں نے امام جعفر صادقؑ کا قول نقل کیا: "تم پر لازم ہے کہ ہمیشہ خدا سے مانگو، کیونکہ دعا کے ذریعے جیسا قربِ الٰہی حاصل ہوتا ہے، ویسا کسی اور چیز سے نہیں ہوتا۔"

انہوں نے تاکید کی کہ:"اپنی چھوٹی چھوٹی حاجتوں کو بھی معمولی سمجھ کر خدا سے نہ مانگنا چھوڑو، کیونکہ جو خدا بڑی حاجتیں پوری کرتا ہے، وہی چھوٹی بھی پوری کرتا ہے۔"

خطیب نے مزید کہا: "اگر خدا نہ چاہے تو انسان روٹی کے ایک نوالے کے لیے بھی دوسروں کا محتاج ہو جائے گا۔" لہٰذا اگر انسان اپنی چھوٹی سے چھوٹی ضرورت کے لیے بھی خدا کی طرف رجوع کرے، تو وہ کبھی بھی خود کو خدا سے بےنیاز نہیں سمجھے گا۔ اور جو شخص خود کو خدا سے بےنیاز نہ سمجھے، وہ کبھی گناہ کا مرتکب نہیں ہوگا۔

آخر میں انہوں نے کہا: "اہل بیتؑ نے دن و رات کے ہر لمحے کے لیے دعائیں بیان فرمائی ہیں۔

یہ اس بات کی علامت ہے کہ ایک مؤمن کو زندگی کے تمام لمحوں میں خدا سے اپنا رابطہ قائم رکھنا چاہیے اور اپنی ہر چھوٹی بڑی ضرورت صرف خدا سے مانگنی چاہیے۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha